انڈین اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ کی پہلی جھلک آخرکار سامنے آ ہی گئی۔ ہدایتکار راج کمار ہیرانی کی اس فلم کا لمبے عرصے سے انتظار کیا جا رہا ہے۔
اس فلم میں اداکار رنبیر کپور سنجے دت کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے سنجے دت کی چال ڈھال سیکھنے کے لیے میمکری آرٹسٹ سنکیت بھوسلے سے ٹریننگ لی ہے۔
سنجو میں سنجے دت کی زندگی کے پانچ مختلف دور مختلف کپڑوں اور سٹائلنگ کی مدد سے دکھائے گئے ہیں۔ اس میں لمبے بالوں والے سنجے دت سے لیکر کرتا پہنے، سفید داڑھی والے سنجے تک کا حلیہ شامل ہے۔
ٹریلر دیکھنے کے بعد رنبیر کپور کی اداکاری کی خاص طور پر تعریف کی جا رہی ہے۔
صرف انڈیا ہی نہیں پاکستان میں بھی فلموں کے مداح ہیش ٹیگ #SANJU کے ساتھ بہت کچھ لکھ رہے ہیں۔
پک چِک پک راجہ بابو ٹوئٹر ہینڈل نے سنجو کے پوسٹر کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے کہ ’جب ایکس آپ کو بلاک کر دے تو اسے دیکھنے کے لیے مختلف پروفائل ایسے بنائے جاتے ہیں۔‘
جیا اِن دی ووڈز اُن ٹوئٹر ہینڈلز میں شامل ہے جنہوں نے ٹریلر کو ناپسند کیا ہے۔ اس ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’سویگ ایک قدرتی چیز ہوتی ہے اسے بنایا نہیں جا سکتا ہے۔ آپ سنجے دت کو دیکھیے ان میں ایک قدرتی سویگ ہے۔ ان میں سستی اور اداسی بھری ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ اور منیشا کوئرالا کو رنبیر کی ماں کے کردار میں کیسے لے لیا گیا؟ یہ ان کے ہنر کی بے عزتی ہے۔‘
بالی وڈ سے وابستہ متعدد ہستیوں نے سنجو کے ٹریلر کی تعریف کی ہے۔ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ یہ ٹریلر فلم کے بارے میں تجسس پیدا کرتا ہے۔ ساتھ ہی رنبیر کپور نے جس طرح خود کو سنجے دت کے کردار میں ڈھال لیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
اداکار ریتیش دیش مکھ نے لکھا ہے کہ ’سنجو کا ٹیزر دیکھا، بہت شاندار ہے۔ انڈیا کے سب سے بہترین ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کے جانب سے بنائی گئی اس بایوپِک کا انتظار ہے۔ مجھے بتایا گیا تھا کہ فلم میں رنبیر کپور ہوں گے۔ لیکن مجھے تو وہ کہیں بھی نہیں دکھائی دیے۔ کہاں تھا رنبیر؟‘
سنجو میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ سونم کپور نے لکھا ہے کہ ’ایک شخص جس نے کئی زندگیاں جی ہیں اسے پردے پر دکھانے کا اس سے بہتر طریقہ نہیں ہو سکتا تھا۔‘
ہدایتکار راج کمار ہیرانی نے اب تک جتنی بھی فلمیں بنائی ہیں وہ سبھی بے حد کامیاب رہی ہیں۔ اب سبھی کو ان کی اگلی فلم سنجو کا انتظار ہے جو 29 جون کو ریلیز کی جائے گی۔
Comments
Post a Comment