ایک تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ 2008 میں زمین کی فضا میں ہیروں سے لدی جو خلائی چٹان پھٹ گئی تھی وہ نظامِ شمسی کے ابتدائی دور کے ایک سیارے سے تعلق رکھتی تھی۔
یہ سیارہ اربوں برس پہلے نظامِ شمسی کا حصہ تھا اور کسی دوسرے سیارے سے ٹکر کھا کر تباہ ہو گیا۔ اس کا حجم عطارد یا مریخ جتنا تھا۔
یہ تحقیق جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئی ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہیرے صرف اتنے بڑے سیارے ہی میں تشکیل پا سکتے ہیں۔
سائنس دانوں نے جدید ترین خوردبینوں سے چٹان میں جڑے ہیروں کا جائزہ لیا۔ اس چٹان کے ٹکڑے شمالی سوڈان کے صحرائے نوبہ میں گرے تھے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ 'کسی بڑے سیارے کے غائب ہونے کی یہ پہلی مدلل شہادت ہے۔'
اس دریافت سے اس نظریے کو تقویت ملتی ہے کہ نظامِ شمسی ابتدا میں درجنوں سیاروں کا مسکن تھا، اور موجودہ سیارے انھی سیاروں کی باقیات سے مل کر بنے ہیں۔
Comments
Post a Comment